اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،مقتدیٰ صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کو عراق کی قومی خواہش اور عوامی ارادے کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے، کیونکہ یہ عراق، امریکا اور پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ 30 ستمبر کو امریکی فوجیوں اور بین الاقوامی اتحاد کے عراق سے انخلا کے منتظر ہیں اور امید ہے کہ اس کے بعد عراق کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت اور ملکی خودمختاری و آزادی کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری نہیں رہے گا۔
مقتدیٰ صدر نے عراقی سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ امریکا سے مداخلت کی درخواست دوبارہ نہ کریں۔ ان کے بقول، عراق اپنی سکیورٹی فورسز، خصوصاً سرحدی محافظوں اور فضائیہ کے ذریعے داخلی نسلی و فرقہ وارانہ تنازعات سے دور رہتے ہوئے اپنا دفاع کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی عوام بیرونی مداخلت کے معاملے میں بیدار اور متحد ہیں۔ مقتدیٰ صدر کے مطابق، امریکی فوجیوں کا انخلا عراق کی ترقی اور بدعنوانی، ظلم، آمریت، قبضے اور دہشت گردی کے خاتمے کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
آپ کا تبصرہ